راولپنڈی‘ اسلام آباد‘ چکوال‘ لاوہ (اپنے رپورٹرسے‘ خصوصی نامہ نگار‘ نمائندگان جنگ) چینی چوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی ڈاکٹر زونیرا آفتاب کی سربراہی میں راولپنڈی تھانہ گنجمنڈی کی حدود میں 17گودام سیل کر دیئے گئے جن میں ہزاروں من چاول اور چینی موجود تھی۔ طیبہ مارکیٹ رتہ امرال میں 13گودام سربمہر کر کے پچاس کلو چینی کی ایک ہزار بوریاں قبضہ میں لے لی گئیں۔ دالگراں اور نسواری بازار میں 5دکانیں سربمہر کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی ہدایت پر اے سی پوٹھوہار نے ایچ تیرہ‘ گولڑہ موڑ اور جھنگی سیداں میں پرچون و ہول سیلرز کی چیکنگ کی۔ مہنگی چینی بیچنے پر 5دکانیں سیل کر دی گئی۔ اے ڈی سی جی شہریار عارف نے اے سی صدر‘ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اور مجسٹریٹس کے ہمراہ سبزی منڈی میں ہول سیل شاپس کے سٹاک اینڈ سیل ریکارڈ چیک کیا۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ سٹاک اور سیل رجسٹر کو یقینی بنا کر ڈیٹا ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اور ڈپٹی کمشنر آفس کے ساتھ روزانہ شیئر کیا جائے۔ ادہر چکوال‘ تلہ گنگ اور لاوہ میں چینی کی 6ہزار بوریاں برآمد کر لی گئیں۔ اے سی چکوال کی نگرانی میں حق ٹریڈرز گودام سے 3491بوری چینی جبکہ اے سی لاوہ اُشنا طاہر کی سربراہی میں پچنند‘ بنجرہ روڈ پر رحم علی‘ عرفان اور مشتاق ملک کے گوداموں سے 1500بوری چینی برآمد کر لی گئیں۔