• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سو سالہ جھیکا گلی مری اسکول کی زمین عدلیہ کو دینے کا معاملہ روکدیا گیا

اسلام آباد (انصار عباسی) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر 100؍ سالہ قدیم جھیکا گلی مری اسکول کی عمارت عدلیہ کے حوالے کرکے وہاں جوڈیشل کمپلیکس کی تیاری کا معاملہ روک دیا گیا ہے۔ 

چیف سیکریٹری پنجاب زاہد زمان نے دی نیوز کو منگل کے دن بتایا ہے کہ دی نیوز اور روزنامہ جنگ میں شائع ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے زمین کی منتقلی روک دی گئی ہے۔ 

زاہد زمان نے یقین دہانی کرائی کہ اسکول منتقل نہین ہوگا، وزیراعلیٰ یہ معاملہ عدلیہ کے ساتھ اٹھائیں گے تاکہ معاملے کا کوئی موزوں حل سامنے آ سکے۔ بورڈ آف ریونیو (کالونیز ڈپارٹمنٹ) پنجاب نے مقامی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی تھیں کہ اسکول کی ز مین عدلیہ کو منتقل کی جائے تاکہ جوڈیشل کمپلیکس کو توسیع دی جا سکے۔ 

ڈپٹی سیکریٹری (کالونیز اول) بورڈ آف ریونیو کی جانب سے 28؍ اگست کو ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مری کے نام لکھے خط میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی زیر صدارت ہونے والے 21؍ اگست کے اجلاس کا حوالہ دیا ہے جس میں چیف جسٹس نے ہدایت جاری کی ہے کہ مری میں صوبائی حکومت کی 2 کنال 15؍ مرلہ زمین آئندہ سات روز میں عدلیہ کے حوالے کر دی جائے۔ 

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اس زمین پر ایم سی ہائی اسکول جھیکا گلی قائم ہے اور اس زمین کا قبضہ لاہور ہائی کورٹ لاہور کو بلا معاوضہ سپرد کر دیا جائے جہاں جوڈیشل کمپلیکس مری تعمیر کیا جائے گا۔ 

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اسکول کیلئے 2 کنال 15؍ مرلہ زمین کہیں اور تلاش کی جائے اورایک مفصل رپورٹ اور تجاویز ریونیو ریکارڈ یعنی فرد جمع بندی، سائٹ کا رنگین نقشہ، ریونیو فیلڈ اسٹاف کی رپورٹ جیسی دستاویزات اصل بتوسط کمشنر راولپنڈی ڈویژن جلد از جلد پیش کی جائیں۔ 

اسی دوران، جب 28؍ اگست کو اسی دن جب بورڈ آف ریونیو نے مذکورہ بالا ہدایات جاری کیں تو اسسٹنٹ رجسٹرار نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی کو یہ ہدایات ارسال کیں کہ 2 کنال 15؍ مرلہ زمین مذکورہ زمین کا قبضہ حاصل کیا جائے یہ زمین موزا مری سکنی تحصیل مری ضلع راولپنڈی میں ہے اور یہ زمین جوڈیشل کمپلیکس مری کی توسیع کیلئے اس عدالت کے حوالے کی گئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید