کراچی (ٹی وی رپورٹ) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نہیں معلوم نواز شریف کسی ڈیل کے تحت آرہے ہیں یا نہیں۔
یقینی بناؤں گا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سابق وزیراعظم کی سہولتیں ملنی چاہئیں۔چند دن پہلے ہی پتہ چلا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے لئے میر انام دیا جارہا ہے۔ دو تین ایسے نام ہیں جن میں آپ کا نام بھی موجود ہے آپ ذہنی طور پر تیار رہیں۔مقتدر حلقوں کی پسند ہونے کے تاثرات پاکستان کی تاریخ میں ذوالفقار علی بھٹو،میاں نواز شریف، پیپلز پارٹی،عمران خان کے لئے رہے ہیں۔
میرے لئے اچھنبے کی بات نہیں ہے کہ میرے لئے بھی یہ تاثر قائم کیا جائے سوال ان سے بنتا ہے مجھ سے نہیں بنتا۔
صدر پاکستان نے خط میں تجویز دی ہے کوئی فیصلہ نہیں دیا۔صدر نے الیکشن کمیشن کو تجویز دی ہے وہی جواب دے سکتے ہیں۔
صدر عارف علوی آئینی طور پر ملک کے سربراہ ہیں۔صدر کی بھی ایک رائے ہے ان کا ایک سیاسی جماعت سے تعلق بھی ہے۔نگراں حکومت غیر جانبدار ہوتی ہے۔