لاہور(ایجنسیاں)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمیشن سے جلد از جلد انتخابات کی تاریخ اور شیڈول کا اعلان کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسی میں ہر طرح کے استحکام کا حل ہے‘لیول پلینگ فیلڈ کے حوالے سے تحفظات سامنے آئے ہیں جنہیں حل کرانے کا اختیار آصف علی زرداری کو سونپا گیا ہے.
تحفظات کسی اور سے نہیں ایک سیاسی جماعت سے ہیں،امید ہے جو شکایتیں ہیں جلد دور ہوں گی‘آصف زرداری مناسب فورم پر تحفظات پیش کریں گے ‘نیب ترامیم پر سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ متوقع تھا‘
پیپلز پارٹی کیلئے نیب کوئی نئی چیز نہیں، نیب مقدمات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں‘ہمارے ایک اتحادی جب مشکل میں ہوتے ہیں تو پائوں پکڑتے ہیں اورجب مشکل سے نکلتے ہیں توگردن پکڑلیتے ہیں ۔2013 میں پیپلز پارٹی کو پنجاب سے غیرجمہوری طریقے سے نکالا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے بلاول ہائوس لاہور میں سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے کے بعد یوسف گیلانی ، نیئر حسین بخاری ،شیری رحمان اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی پورے ملک پردھیان دے رہی ہے۔