اسلام آباد (محمد صالح ظافر ) پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نون کےقائد نواز شریف کو وطن واپسی پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا اور انہیں جیل جانا ہوگا۔
پیپلزپارٹی جو گزشتہ ماہ تک مسلم لیگ نون کی حکومتی حلیف رہی تھی واضح کررہا ہے کہ آئندہ ماہ جب نواز شریف واپس آئیں گے تو پیپلزپارٹی ان کا استقبال کرنے کے لئےمو جود نہیں ہوگی۔
قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر اور پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی خوش آئند ہے اور وہ اس کے لئے مسلم لیگ نون کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں۔
نواز شریف جب پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھیں گے تو ہم ان کا خیرمقدم کرنے کے لئے موجود نہیں ہونگے کیونکہ وہ ہمارے رہنما نہیں ہیں۔
مسلم لیگ نون کےساتھ اتحاد مختصر عرصے کے لئے تھا کیونکہ ہم شہبازشریف حکومت کا حصہ تھے حکومت کے اختتام کے ساتھ ہی یہ اتحاد بھی اختتام پذیر ہوگیا۔ فیصل کریم کنڈی نے یاد دلایا کہ پیپلزپارٹی، پی ڈی ایم کا حصہ نہیں تھی۔