اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیئرمین ایف بی آرا ور ایران کے سفیرنے اتفاق کیا ہے کہ بارڈر کے معاملات کے حل کےلیے متعلقہ حکام کا رواں ماہ مشترکہ اجلاس ہوگا،چیئرمین ایف بی آر نے دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لئے کسٹمز سے متعلق مسائل کے حل کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدم نے جمعہ کے روز چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ملک امجد زبیر ٹوانہ سے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں فریقین نے کسٹمزسے متعلق اُمور، موثر بارڈر مینجمنٹ اور دونوں ممالک کے درمیان سرحد پار تجارت باالخصوص میر جاوے۔تفتان کراسنگ پوائنٹ کے راستے باآسانی آمد ورفت اور مزید گیٹ نصب کرنے کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا۔