اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی واپسی کے اعلان پر کہا ہے کہ ’’معمار پاکستان ویلکم بیک، سازشیو ’’گڈ بائے‘‘،نواز شریف کو ’’مائنس‘‘ کرنے والے خود ’’مائنس‘‘ ہو چکے ہیں ،نوازشریف کیخلاف سازش کی وجہ سے عوام کو مہنگائی ملی، نوازشریف واپس نہیں آرہا ہے پاکستان کی خوشحالی کا دور واپس آرہا ہے، نوازشریف کا دیا ترقی کا سفر جاری رہتا تو پاکستان آج بحرانوں کا شکار نہ ہوتا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف نے خیبرپختونخوا میں پارٹی ونگز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نواز شریف کا پیغام پاکستان کی ترقی، مہنگائی سے عوام کو نجات دلانا ہے۔ مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف نے بہادری، ثابت قدمی سے سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے۔ انہوںنے کہاکہ نوازشریف نے عوام کو مہنگائی سے بچایا تھا، اس خدمت کی انہیں سزا ملی۔ انہوں نے کہاکہ 2016 میں عوام سے ترقی، مہنگائی میں کمی چھین لی گئی، نوازشریف کے خلاف سازش کے نتیجے میں عوام کو مہنگائی ملی۔ انہوں نے کہا کہ سازشی نہیں چاہتے تھے کہ پاکستان معاشی طورپر مضبوط ہو، عوام مہنگائی کی غلامی سے آزاد ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر اعلان ہے کہ عوام کی تکلیف کے دِن ختم ہونے والے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ 21 اکتوبر اعلان ہے کہ غریبوں کے دْکھ درد کا احساس کرنے والا نوازشریف واپس آرہا ہے۔