کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) ایشین گیمز کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بغیر ٹرائلز ہی ٹیم تشکیل دے دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں ایشین چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر ہی ایشین گیمز کیلئے اسی ٹیم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ حیرت انگیز طور پر یہ ٹیم منتخب کرنے والی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ تبدیل ہوچکی ہے۔ ہیڈ کوچ بننے والے پی ایچ ایف مخالف سابق اولمپئن شہناز شیخ اپنی ذمے داری سنبھالنے کے بعد دوسری مرتبہ بھی قومی ٹیم کے ساتھ نہیں جا سکیں گے۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں وہ بھارتی ویزے سے محروم رہے تھے جبکہ ان کا چین کا ویزا بھی نہیں لگ سکا ہے ۔ سلیکٹر سے کوچ بننے والے شکیل عباسی کا بھی ویز ا نہیں لگ سکا ہے۔ امکان ہے کہ ٹیم منیجر سعید خان ایشین گیمز میں ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔ فزیو رانا نصر اللہ بھی ٹیم کے ساتھ نہیں جائیں گے، ان کی جگہ کسی غیر ملکی فزیو کی خدمات لی جائیں گی ۔ ٹیم 21ستمبر کو چین روانہ ہوگی۔