راولپنڈی(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد انکے بھتیجے شیخ شاکر اور ملازم عمران کی بازیابی کیلئے دائر رٹ پر وفاقی حکومت، پنجاب حکومت، آر پی او راولپنڈی ، سی پی او اور ایس ایس پی آپریشن سے تین دن میں رپورٹ طلب کرلی۔ درخواست گزار شیخ عامر شفیق نے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کے زریعے دائر رٹ میں موقف اختیار کیا کہ شیخ رشید کو ان کے بھتیجے اور سٹاف ممبر سمیت راولپنڈی پولیس اور سفید کپڑوں میں ملبوس افراد نے اغوا کیا48 گھنٹے گزرنے کے باوجود ان کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جارہا اور نہ ہی انہیں کسی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔