• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا ایک دن لاہور میں قیام کے بعد اچانک لندن واپسی کا پروگرام، مریم بھی برطانیہ جائیں گی

لاہور (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ایک دن لاہور میں قیام کے بعد اچانک لندن واپس جانے کا پروگرام ہے، مریم نواز بھی برطانیہ جائینگی، شہباز شریف پارٹی قائد نوازشریف کیلئے اہم پیغام لیکر جائینگے، جمعہ کو لندن میں پارٹی کی اہم بیٹھک متوقع ہے جس میں نواز شریف کی وطن واپسی سمیت و دیگر امور پر مشاورت ہوگی جس میں انتخابات سے متعلق بھی اہم فیصلے متوقع ہیں، دوسری جانب پارٹی کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کیخلاف سازش کرنے والے آج عوام میں جانے کے قابل نہیں، قائد ن لیگ 21اکتوبر کو واپس آ رہے، 100 دن میں پارٹی قائد کی آواز نگر نگر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے پالستان میں ایک دن قیام کے بعد ایک بار پھر لندن جانے کا امکان ہے۔ لندن میں نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کے درمیان اہم ملاقات ہوگی۔ شہباز شریف ایک روز قبل لندن میں ایک مہینہ قیام کے بعد وطن واپس پہنچے تھے اور اب کل صبح (جمعرات کو) دوبارہ لندن روانہ ہونگے۔ ممکنہ لندن روانگی سے قبل ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز شہباز شریف کے گھر پہنچیں اور ان سے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور نواز شریف کی اہم میٹنگ متوقع ہے جس میں نواز کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی اور دیگرامورپراہم مشاورت ہوگی۔ ذرائع نے بتایاکہ جمعے کو لندن میں مسلم لیگ کی قیادت کی اہم بیٹھک ہوگی جس میں صرف نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز شرکت کرینگے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی واپسی کے حتمی پروگرام کے علاوہ الیکشن سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی کا پروگرام 21اکتوبر کو فائنل ہے۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور نہ ہی میں انتقام پر یقین رکھتی ہوں ،نواز شریف کیخلاف سازش کرنیوالے آج عوام میں جانے کے قابل نہیں ہیں ، 100 دن میں پارٹی قائد کی آواز نگر نگر پہنچ گئی ہے اس سے زیادہ خوشی کی کیا بات ہو گی ، نواز شریف ان شا اللہ 21 اکتوبر کو واپس آ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں ایم ایس ایف کے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پرویز رشید، مریم اورنگزیب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ مریم نواز شریف نے ایم ایس ایف کے کارکنان کو نواز شریف کی وطن واپسی کی تیاریوں کے انتظامات سے تفصیلی آگاہ کیا ۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ مشرف دور میں میرے والد کو جیل میں رکھا گیا تو میری والدہ نے باہر قدم رکھا ،میرے لیے بھی یہ راستہ آسان نہیں تھا، میں پانچ پانچ ماہ ڈیتھ سیل میں گزرا کر آئی ہوں، 200 کے قریب پیشیاں بھگت کے میں آپ کے سامنے کھڑی ہوں ۔ انہوں نے نام لئے بغیر کہا کہ کوئی ایک منصوبہ دکھا دیں جو اس شخص نے شروع کیا ہو، پاکستان کے تمام منصوبے نواز شریف کے دئیے ہوئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید