پشاور(نمائندہ جنگ) خیبرپختونخوا میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ا سکینڈل میں ملوث افراد کےخلاف کریک ڈاؤن کے دوران سرکاری ملازمین سمیت 10افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ،طلباءسے نقل کرانے کی مد میں لیے گئے 35لاکھ روپے بھی ملزمان سے برآمد، مزید تفتیش جاری۔میڈیکل کالجز میں داخلہ کیلئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے دوران نقل کیلئے بلیوٹوتھ ڈیوائس استعمال کیے گئے اورپشاور میں ٹیسٹ سنٹرز سے متعلق متعدد ہالوں سے موقع پر متعددطلباءوطالبات کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اسکینڈل میں ملوث منظم گروہ کے دو اہم ملزمان سمیت 10 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں۔مبینہ ملزمان کو کوہاٹ،صوابی،کرک سمیت دیگر اضلاع سے گرفتار کیا گیاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ طلباءسے نقل کرانے کی مد میں لیے گئے 35 لاکھ روپے بھی ملزمان سے برآمد کیے گئے ہیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے ۔