• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی ریجنل کرکٹ کی بحالی کے باوجود سسٹم میں ابتری کا سلسلہ برقرار

کراچی(عبدالماجدبھٹی)پاکستان میں ریجنل کرکٹ کی بحالی کے باوجودکرکٹ سسٹم میں ابتری کا سلسلہ برقرار ہے۔کراچی میں قومی انڈر19کرکٹ ٹورنامنٹ میں دن کو تین روزہ میچ ہوتا رہا جبکہ رات کو منتظمین اسی گراونڈ پر نائٹ میچ کراتے رہے۔شائد اس قسم کا واقعہ اس سے قبل قومی کرکٹ تاریخ میں نہیں ہوا ہوگا۔کیوں کہ انڈر19کرکٹ کو ملک کےمین کرکٹ سسٹم میں آنے کی پہلی سیڑھی قرار دیتے ہیں لیکن کمرشل بنیادوں پر گراونڈز کے استعمال نے کرکٹ قوانین کی دھجیاں اڑا دیں۔ پی سی بی کے ایک اعلی افسر نے اس بات کی تصدیق کی کہ تین دن ٹی ایم سی گراونڈ پر انڈر19ٹورنامنٹ کا میچ فیصل آباد اور کوئٹہ ریجن کی ٹیموں کے درمیان ہوتا رہا جبکہ رات کو منتظمین نے اسی گراونڈ کو کرائے پر کسی پرائیویٹ پارٹی کو نائٹ میچ کے لئے دے دیا۔پی سی بی کا کہنا ہے اس بارے میں ہمیں میچ ریفری نے رپورٹ کی ہے لیکن چوں کہ وہ گراؤنڈ ہماری ملکیت نہیں ہے اس لئے ہم کچھ نہیں کرسکتے۔کراچی میں گراونڈ کم ہونے کی وجہ سے ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں تھا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلبرگ میں ٹی ایم سی گراونڈ پر جمعے سے انڈر19ٹورنامنٹ کا سہ روزہ میچ شروع ہونا تھا ۔کوئٹہ میں فلائٹ منسوخ ہونے کی وجہ سے ٹیم کو بس کے ذریعے کراچی پہنچایا گیا۔ہفتے سے شروع ہونا والا میچ پیر کو ختم ہوا۔تینوں دن رات کے وقت گراونڈ کو کمرشل بنیادوں پر نائٹ کرکٹ کے لئے استعمال کیا گیا۔تین روزہ میچ چوں کہ ایک دن تاخیر سے شروع ہوا تھا اس لئے وقفے کے بغیرچوتھے دن ون ڈے میچ کرادیا گیا حالانکہ تین روزہ اور ون ڈے کے درمیان ایک دن کا گیپ ہوتا ہے۔پی سی بی ڈائریکٹر ندیم خان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ہماری نالج میں ہے۔گراؤنڈز کی کمی سب سے بڑی وجہ ہے۔

اسپورٹس سے مزید