کراچی (جنگ نیوز) انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو، شہباز شریف، آصف زرداری اور نوابزادہ نصراللہ کو اپنے ہاتھوں سے گرفتار کر چکا ہوں۔ اس برس 27 ہزار وارداتوں کو ٹریس کیا۔ پولیس کے محکمے میں ترقیاں دے دی ہیں، اب احتساب کیا جائے گا۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے ”جیونیوز“ کے پروگرام ”ایک دِن جیو کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ مجھے سردی بہت لگتی ہے، اس لئے بیرون ملک کم جاتا ہوں۔ میں نے فیصلہ کیا تھا کہ سیاسی جماعت کے کارکنوں پر گولی نہیں چلائی۔ اس سال ایک سو چودہ خطرناک اشتہاریوں کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔ کانسٹیبل سے لیکر آئی جی تک پولیس فورس کو ایک یونٹ بنا دیا۔ تفصیلی گفتگو ناظرین اتوار کی شام 7 بجے ”ایک دِن جیو کے ساتھ“ میں ملاحظہ کریں گے۔ میزبان سہیل وڑائچ ہیں۔