اسلام آباد ( آن لائن ) مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت کا صرف ایک ہی کارنامہ تھاکہ پی ڈی ایم حکومت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو زیرو سے ہیروبنا دیا‘تحریک انصاف کو مائنس نہیں کر سکتے‘ سیاسی قائدین کو ڈنڈے کے زور پر ختم نہیں کیا جا سکتا‘ الیکشن کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے‘پرویز مشرف ہماری اپنی حکومت میں باہر گئے لیکن ہم بے بس تھے‘یہ ماننا پڑے گا کہ ہماری افغان پالیسی ناکام ہو چکی ہے‘جنرل فیض نے طالبان سے مذاکرات پر پارلیمنٹ کو بریفنگ دی تھی،ہم نے جنرل فیض سے گارنٹر کا پوچھا تو کہا گارنٹر افغان طالبان ہیں۔
ایک انٹرویو میں مشاہد حسین سید نے کہاکہ جنرل فیض کا طالبان سے متعلق بڑا لمبا چوڑا پلان تھا۔
ان کا پلان تھاکہ طالبان کو مین اسٹریم میں لانے سے امن آئے گا۔یہ سب خواہشات اور خوشی فہمی کی بنیاد پر تھا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال کی حکومت کا مسلم لیگ ن کو نقصان پہنچا ہے۔جو ہمارا بیانیہ تھا وہ بیانیہ چیئرمین پی ٹی آئی نے لے لیا۔نئے چیف جسٹس تازہ ہوا کا جھونکا ہیں ۔الیکشن بڑی خطرناک چیز ہوتی ہے۔