کراچی (اسٹاف رپورٹر) دفاعی چیمپئن پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم ایشین گیمز میں کانسی کا بھی تمغہ حاصل کرنےمیں ناکام رہی۔ دو دن میں سری لنکا کے بعد بنگلہ دیش کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوئی۔ بھارت نے فائنل میں سری لنکا کو 19 رنز سے شکست دے کر گولڈ اور بنگلہ دیش نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر برانز میڈل جیت لیا ۔ پیر کو ہانگزو میں ویمنز کرکٹ کے تیسری پوزیشن کے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر صرف 64 رنز تک محدود کردیا۔ بنگلہ دیش ویمنز نے ہدف 19ویں اوور میں 5 وکٹ پر پورا کرلیا۔ عالیہ ریاض 17 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔ بنگلہ دیش کی شورنا اختر نے16 رنز دے کر3 اور سنجیدہ اختر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بنگلہ دیش کی شمیما سلطانہ اورشاتھی رانی نے13،13 جبکہ شورنا اخترنے 14رنز بنائے۔