کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پیر کومکمل ہونے والے تینوں میچ ڈرا ہوگئے۔ لاہور ریجن وائٹس کے عابد علی نے ناقابل شکست سنچری بنائی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ کے چوتھے اور آخری دن ملتان نے اپنی پہلی اننگز 346 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ زین عباس 94 ، شیرون سراج 64 اور ہمایوں الطاف 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔ لاہور ریجن وائٹس نے چھ وکٹ پر 304 رنز بنائے ۔ عابدعلی نے 21 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 164رنز بنائے ۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں فیصل آباد ریجن اور لاہور ریجن بلوز کے درمیان میچ بھی ڈرا ہوگیا۔ شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں کراچی وائٹس اور فاٹا کا میچ ڈرا ہوگیا۔ میچ کے آخری دن فاٹا کی ٹیم 184 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ، غلام مدثر نے 5 اور میرحمزہ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کراچی ریجن وائٹس نے کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے ایک رن بنایا تھا۔