اسلام آباد (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو عدالتی حکم پر اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی انڈر ٹرائل قیدی ہیں جبکہ صرف سزا یافتہ قیدیوں کو پنجاب کی کسی بھی جیل میں منتقل کیا جا سکتا ہے، عدالت عالیہ نے ایف آ ئی اے کو درخواست ضمانت کی ان کیمرہ سماعت کیلئے علیحدہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی ہے، سائفر کیس میں خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی چیئرمین اور شاہ محمود قریشی کی 10اکتوبر تک جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلی، دوسری جانب عدالت نے توشہ خانہ اور 190ملین کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے بغیر انتخابات انتخابات کی اہمیت ختم ہو جائیگی، ایسے الیکشن کو دنیا تسلیم نہیں کریگی، معلوم نہیں برف پگھلی یا نہیں، کوئی بیگناہ ہے تو اسے رہائی ملنی چاہئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کو عدالتی حکم پر اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا،آفیشل سیکرٹ ایکٹ تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع دیتے ہوئے ایف آئی اے کو مقدمے کا چالان جلد جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 190 ملین کیس اور توشہ خانہ کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 12 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ منگل کو بشریٰ بی بی اپنے وکیل لطیف کھوسہ کے ہمراہ پیش ہوئیں، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے کہاکہ ابھی ہمیں بشریٰ بی بی کی گرفتاری نہیں چاہئے ابھی وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کئے گئے۔ دریں اثناءایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد طاہر عباس سپرا نے توشہ خانہ میں جعلی رسیدوں کے کیس میں سابق خاتون اول کی عبوری ضمانت میں 16 اکتوبر تک توسیع کر دی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت کی سماعت ان کیمرہ کرنے کی استدعا پر ا یف آئی اے کو الگ سے درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معلوم نہیں برف پگھلی یا نہیں، کوئی بیگناہ ہے تو اسے رہائی ملنی چاہئے۔ شفاف انتخابات نہ ہوئے تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا، پی ٹی آئی کوالیکشن نہ لڑنے دیا گیا توالیکشن بےمعنی اوربے وقعت ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا ایک سال میں کورٹ کچہری دیکھ لی، دہشت گرد بھی بنادیا، عوام کا موجودہ جمہوری نظام سے اعتبار اٹھ جائیگا، چالیس سال سیاست کی، 39 سال ایک پرچہ نہیں ہوا تھا۔ ادھر جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین واپس جوڈکیشل کمپلیکس عدالت پہنچے جہاں انہوں نے ریمارکس دئیے اسلام آباد ہائی کورٹ کا تحریری حکم نامہ آگیا تو چیئرمین پی ٹی آئی کو آج ہی اڈیالہ جیل منتقل کر دیا جائیگا ، چیئرمین پی ٹی آئی نے پہلے درخواست دائر کی کہ اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے ، اب کہتے ہیں کہ وہ اٹک جیل ہی رہنا چاہتے ہیں۔
kk