کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایشین گیمز سے اچھی خبریں آنا شروع ہوگئیں، والی بال میں پاکستان نے 33 سال بعد پانچویں پوزیشن حاصل کرلی ۔ منگل کو پانچویں پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو3- 0سے ہرادیا۔ ادھر ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو5-2سے شکست دے کر اپنے پول میں دوسری کامیابی حاصل کی، پاکستان کی جانب سے افراز، شاہ زیب خان، محمد عماد، سفیان خان اور ارباز احمد نے گول بنائے۔باکسنگ مقابلوں میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ محمد قاسم نے 57 کے جی میں متحدہ عرب امارات کے باکسر کو ہرادیا۔ گیمز میں منگل کو تمغوں کی دوڑ میں چین میڈلز کی سنچری کے نزدیک پہنچ گیا ہے، اس کے تمغوں کی تعداد95ہوگئی ہے جس میں53گولڈ،29 سلور، 13برانز میڈلز شامل ہیں، جنوبی کوریا دوسرے، جاپان تیسرے نمبر پر ہے، بھارت تین گولڈ کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر ہے، مکاؤ سمیت14ممالک گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔اسکواش میں پاکستان کی مردوں کی ٹیم نے قطر اور نیپال کو ہرایا، خواتین ٹیم کو بھارت اور ملائشیا سے شکست ہوگئی۔ ٹینس ڈبلز ایونٹ میں عقیل خان اور عاصم قریشی چائینز تائپے سے ہار گئے، خواتین ایونٹ میں اشنہ سہیل اور سارا ابراہیم کو انڈو نیشین کی جوڑی نے شکست سے دوچار کیا، ووشو ، شوٹنگ ،پیراکی اور تائی کوانڈو میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے مایوس کیا۔ دریں اثناء ایشین گیمز میں خاتون کھلاڑی کے گم ہونے والےموبائل نے دوڑیں لگوادیں۔ ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والی شطرنج کی 12 سالہ کھلا ڑی لیو تیان ی کااسٹیڈیم میں موبائل فون گم ہوگیا۔گراؤنڈ اسٹاف نے موبائل کو 5 لاکھ 23 ہزار مربع میٹر کے اسٹیڈیم میں تلاش کرنے کا فیصلہ کیا۔ اہلکاروں نے موبائل ڈھونڈنے کیلئےرات بھر اسٹیڈیم میں ہزاروں کچرے کے تھیلے کھنگالے، آخر کار فون ایک کچرے تھیلے میں سے مل گیا۔