لاہور ( ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں راناثناءاللہ اورمریم اورنگزیب نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان کو حد سے تجاوزقرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے ائیرپورٹ سے 21 اکتوبر کو کہاں جانا ہے یہ وزیر داخلہ کا فیصلہ نہیں ہوگا یہ عوام کا فیصلہ ہو گا‘سرفراز بگٹی صاحب بیان دینے سے پہلے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں‘جس کرسی پرتھوڑی مدت کے لئے بیٹھے ہیں اسے تاحیات سمجھنے کی غلط فہمی سے باہر آجائیں ۔(ن)لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سرفراز بگٹی نواز شریف کے بارے میں بیان بازی سے اپنا قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں ‘ نواز شریف جیلوں اور فورس کا سامنا کرچکے ہیں، نواز شریف کی فکر چھوڑیں اپنے کام پرتوجہ دیں ۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نگراں وزیر داخلہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے ائیرپورٹ سے کہاں جانا ہے یہ نہ آپ کا مسئلہ ہے اور نہ آپ کا فیصلہ ہے۔