لاہور (اے پی پی)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نوازشریف عوام کو خوشحالی کا نیا ایجنڈا دینے وطن واپس آ رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ڈیل نوازشریف کی ڈکشنری میں نہیں ہے۔نواز شریف کا پاکستان کے لئے عزم،پختہ ارادہ و فکر مند ہونا دیکھ کر اطمینان ہوا۔چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف عدم اعتماد کسی کی خواہش نہیں بلکہ سیاست کی ضرورت تھی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ڈوبی معیشت کو نوازشریف ہی گرداب سے باہر نکالیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو بتایا کہ اس وقت مہنگائی بڑا مسئلہ ہے،عوام بجلی کے بل دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں،اس پر نواز شریف نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف سمیت آئی پی پیز کے معاہدوں کا از سر نو جائزہ لیں گے اور سی پیک کو نئی توانا شکل دیں گے۔