کراچی (اسٹاف رپورٹر)کرکٹ کی عالمی جنگ کیلئےبابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی دستہ بدھ کی شب حیدرآباد دکن پہنچ گیا۔ ٹیم کو سخت حفاظتی انتظامات میں ایئرپورٹ سے ہوٹل منتقل کیا گیا۔ کپتان بابر اعظم سمیت زیادہ تر کھلاڑی پہلی بار بھارت کا دورہ کررہے ہیں۔ ٹیم جمعے کو پہلا وارم اپ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف بند دروازوں میں کھیلے گی۔ ورلڈکپ میں گرین کیپس اپنی مہم کا آغاز چھ اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف میچ سے کرینگے۔ روانگی سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں بابر اعظم نے کہا کہ ہم فینز سے دعاؤں اور نیک خواہشات کی درخواست کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان ٹیم لاہور سے دبئی پہنچ کر9گھنٹے قیام کیا۔ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا یعنی پاکستان اور بھارت کا میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہوگا۔ ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر جمعرات کو حیدرآباد میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔ بھارتی ٹیم ورلڈ کپ میں نمبر ون جبکہ پاکستان نمبر ٹو کے ساتھ داخل ہو گی۔ دلچسپ بات ہے کہ 1999 سے اب تک ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیمیں عالمی رینکنگ میں ٹاپ دو پوزیشنوں والی ہیں۔ 1999 میں عالمی چیمپئن بننے والی آسٹریلیا اس وقت دوسرے نمبر پر تھی، جبکہ 2003 اور 2007 میں ورلڈ کپ جیتا تو اس کی ٹاپ پوزیشن تھی۔