• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا چین دشمنی میں کسی کیمپ کا حصہ بننے کا ارادہ نہیں، نگراں وزیراعظم

اسلام آباد(اے پی پی)نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور چین کی بڑھتی ہوئی دشمنی میں کسی بھی کیمپ کاحصہ بننے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا‘اپنا راستہ بنارہے ہیں‘ سوویت یونین کے خلاف اور 9/11 کے بعد دوبارہ مغرب کا ساتھ دے کر پاکستان نے بڑی قیمت ادا کی۔ گزشتہ 30 سالوں میں پاکستان کے ساتھ مغرب نے غیر منصفانہ سلوک کیا ہے‘پاکستان بڑی طاقتوں کے مقابلے میں فریقین کا انتخاب کیے بغیر اپنے مفادات پر توجہ دے رہا ہے جبکہ مغرب چین کو محدود کرنے کی کوششوں میں جنون میں مبتلا ہے، پاکستان چین کواپنا سدابہار دوست اور اسٹریٹجک شراکت دار سمجھتا ہے۔بدھ کو نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والے انٹرویو میں جو وزیر اعظم نےاقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں شرکت کے موقع پر دیا تھا،انہوں نے کہا کہ پاکستان یوکرین کے ساتھ روس کی جنگ پر "غیرجانبدار"ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سرد جنگ نہیں ہے، یہاں کوئی "آئرن کرٹن" نہیں ہے، یہ اتنا مبہم نہیں ہے، ہر کوئی دیکھ رہا ہے کہ کیا ہو رہا ہے۔ پاکستان ایک ایسی راہ پر گامزن ہے جس کا انتخاب مغرب، روس اور چین کے درمیان مسابقت سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔ہر قوم اپنا سوچے ‘ ہمیں اس مقابلے کی فکر کیوں کرنی چاہیے؟ یہ دو عظیم طاقتوں، دو عظیم تہذیبوں اور 150سے زیادہ ممالک پرمضمرات کے درمیان ہے۔

اہم خبریں سے مزید