کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایشن گیمز میں پاکستان نے میڈلز ٹیبل پر قدم رکھ دیا، پاکستان نے اسکواش میں سلور میڈل جیت لیا، جبکہ شوٹنگ کے10 میٹر ایئر پسٹل میں کشمالہ طلعت نے برانز میڈل جیتا،ایشین گیمز مینز ٹیم اسکواش فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 2-1سے شکست دے دی۔ گولڈ میڈل مقابلے کا فیصلہ کن میچ نور زمان اور ابھے سنگھ کے درمیان ہوا جس میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی۔ایشین گیمز مینز ٹیم اسکواش میں بھارت نے گولڈ میڈل حاصل کیاجبکہ پاکستان نے ایشین گیمز مینز ٹیم ایونٹ میں سلور میڈل جیت لیا۔ پاکستان کی خاتون شوٹر کشمالہ طلعت ایشین گیمز میں پہلی بار ملک کی نمائندگی کر رہی ہیں انہوں نے کہا کہ میرا ہدف اولمپکس 2024ء میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے۔ایشین گیمز ایتھلیٹکس میں پاکستان کے گوہر شہباز نے 100 میٹرز میں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے تاہم پاکستان کے ٹاپ ایتھلیٹ شجر عباس سیمی فائنل تک نہ آسکے۔ایشین گیمز کے ایتھلیٹکس مقابلوں میں 100 میٹرز کی ہیٹس کی دوسری دوڑ میں پاکستان کے گوہر شہباز 10.56کی ٹائمنگ کے ساتھ اپنی ہیٹ میں چوتھی پوزیشن پر رہے، جس کے ساتھ انہوں نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔