لاہور (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ کی قیادت نوازشریف کرینگے، نوازشریف آئے گا، تعمیرو ترقی ، امن اور خوش حالی لائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے پنجاب کے ڈویژن اور اضلاع کے صدور اور سیکرٹریز جنرل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل احسن اقبال ،پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ، سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق ،پرویز رشید، مریم اورنگزیب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں پارٹی قائد محمد نوازشریف کی 21اکتوبر کو وطن واپسی اور استقبال پر مشاورت کی گئی ۔ اجلاس میں یوتھ کوآرڈی نیٹرز اور قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ ہولڈرز نے بھی شرکت کی ۔ مریم نواز نے پارٹی قائد نوازشریف کے استقبال کے حوالے سے پارٹی اور عوام میں جوش وجذبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی امید ،تعمیر وترقی کی تعبیر ،ہر وعدے کی تکمیل ،پاکستان کی روشن تقدیر نوازشریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی، مہنگے بلوں سے نجات کی ضمانت ،نوجوان کے روشن مستقبل اور ترقی کا ضامن نوازشریف ہے، مزدور، کسان اور محنت کش کو ریلیف صرف نوازشریف دلاسکتے ہیں، قوم کے خوابوں کی تعبیر نوازشریف ہے، نوازشریف قوم کومتحد کرے گا، قوم کو ترقی کا وژن دیں گے، بحرانوں کا حل صرف نوازشریف ہے۔