• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نے اپنے ساتھ ناانصافی کرنے والوں کا احتساب اللّٰہ پر چھوڑ دیا، اسحاق ڈار

لندن ( مرتضیٰ علی شاہ) پاکستان کے سابق وزیر خزانہ نے کہا ہےکہ نوازشریف کے ساتھ ناانصافی کرنے والے پہلے ہی ذلیل ہو کر منہ چھپا رہے ہیں اور انہوں نے ان لوگوں کا احتساب اللّٰہ پر چھوڑدیا ہے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بیانیے پر اہم پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ پانامہ کے جج‘ باجوہ اور فیض پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ۔ نواز شریف کا فوکس معیشت اور اصلاحات پر ہو گا، وہ انتقام یا ذاتی سکور سیٹ نہیں کریں گے۔ اسحٰق ڈار نے نواز شریف نے اپنا معاملہ اللّٰہ تعالیٰ پر چھوڑ دیا ہے کہ وہ انہیں اذیت دینے ‘ غیر قانونی‘ انتقامی اور غیر اخلاقی طریقوں سے اقتدار سے ہٹانے والوں سزا دے ۔ گزشتہ روز لندن میں نواز شریف کے عارضی پارٹی ہیڈ کوارٹر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف انتقام پر یقین نہیں رکھتے بلکہ وہ پاکستان کی معیشت اور ترقی پر توجہ دے کر آگے بڑھنے کی ضرورت پر پختہ یقین رکھتے ہیں ۔ مسٹر ڈار سے پوچھا گیا تھا کہ نوازشریف کا بیانیہ کیا ہوگا جس میں جنرل (ر) باجوہ،جنرل (ر) فیض اور پاناما کے ججز بشمول ثاقب نثار،عظمت سعید شیخ، آصف سعید کھوسہ،اعجاز الاحسن پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی جن پر نواز شریف نے الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ایک مربوط سازش کے ذریعے 2017میں ان کی حکومت کے خاتمے میں مرکزی کردار کیا تھا اور جو بالآخر عمران خان کو ہائبرڈ سسٹم میں اقتدار میں لایا ۔ اسحٰق ڈار نے یاد دلایا کہ نوازشریف نے 2017 میں اقامہ پر نااہل ہونے کے بعد یہ مشہور بات کہی تھی کہ انہوں نے اپنا معاملہ اللّٰہ پر اس دعا کے ساتھ چھوڑ دیا ہے کہ ان کے ساتھ ناانصافی کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں سزا ملے۔ انہوں نے کہا کہ دو ہی راستے ہیں انتقام اور ذاتی سکور سیٹ کرنا یا ملک اور معیشت کو ٹھیک کرنا ۔ نواز شریف نے اپنا معاملہ اللّٰہ تعالیٰ پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا میں نے تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا کہ قدرت نے اتنے کم وقت میں مجرموں کو بے نقاب کیا ہو۔ دیکھیں کیسے جج ارشد ملک نے نواز شریف کو غیر منصفانہ سزا سنانے کا ویڈیو اعتراف کیا، کیسے جسٹس شوکت صدیقی نے نوازشریف کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو بے نقاب کیا اور قوم کو آگاہ کیا ۔ یہ سب سے تیز رفتاری سے ہوا کیونکہ نواز شریف نے اپنا معاملہ اللّٰہ پر چھوڑ دیا تھا اور اللّٰہ بہترین فیصلہ کرنے والا ہے۔ اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان واپسی پر نوازشریف کی تمام تر توجہ اور توانائیاں قوم کی تعمیر‘ قوم کو بحرانوں سے نکالنے‘ اقتصادی ترقی و اصلاحات‘ قوم میں خوشحالی لانے اور عوام کی مشکلات کو کم کر ک ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے پر مرکوز ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک میں سمجھتا ہوں یہ نوازشریف کی ترجیحات ہوں گی۔ تاہم بیانیے کا فیصلہ کرنے والا لیڈر ہے اور نواز شریف نے 2017 میں ایک بیان کے طور پر کہا تھا کہ انہوں نے اپنا معاملہ اللّٰہ رب العزت پر چھوڑ دیا ہے جس کے نتیجے میں مختصر عرصے میں ان کے ساتھ ناانصافی کرنے والے ایک کے بعد بے نقاب ہو رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید