فیصل آباد(نیوز ایجنسی )جمعیت علمائے اسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جنوری ایسا مہینہ ہے جہاں شمالی علاقوں میں بہت زیادہ سردی اور برفباری ہوتی ہے، جنوری کا مہینہ میرے خیال سے الیکشن کے لیے کوئی اچھا وقت نہیں، شمالی علاقوں میں جب لوگ سردی کی وجہ سے ووٹ ہی نہیں ڈال سکیں گے تو پھر کیسا الیکشن ہو گا۔فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جمعیت علما اسلام نے کہا کہ نگراں حکومت کو دیوالیہ پن سے نکلی حکومت ملی، عام آدمی کو ریلیف کے ثمرات نہیں مل رہے۔ پی ٹی آئی کی کارکردگی تو کچھ نہیں تھی، ان کا ایجنڈا بھی پاکستان کے خلاف ہے، پی ٹی آئی کو ملکی سیاست میں نہیں ہونا چاہئے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان نواز شریف کا اپنا ملک ہے ان کو واپس آنا چاہیے، نواز شریف نے اعلان کیا ہے اگر انہوں نے پلان میں کوئی رد و بدل کرنی ہے تو یہ اختیار ان کا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انضمام کے بعد فاٹا کی محرومی دور نہیں ہوئی، اس وقت تک بھی ان کو 2017 سے 80، 90 کروڑ ہی ملا، فاٹا میں پولیس یا انتظامیہ یا محکمہ مال نام کی کوئی چیز نہیں، فاٹا کے انضمام کے بعد جو حق ملنا چاہیے تھا وہ ابھی تک نہیں ملا۔