راولپنڈی ( خصوصی نمائندہ) تحریکِ نفاذِ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ حسین مقدسی نے جشنِ میلاد النبیؐ کے جلوس کے دوران مستونگ اور ہنگو تھانہ دوآبہ کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سانحات کو کُھلی دہشت گردی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کیلئے امن کی نوید لانے والے رسولؐ کی آمد کے دن دہشت گردی شیطانی فعل ہے۔ پاک فوج آپریشن ضربِ عضب ثانی کا آغاز کرے۔ پاکستان میں کوئی مسلکی لڑائی نہیں، بیرونی ایڈ دہشت گردی کا موجب ہے۔ بھارت عالمی دہشت گرد ہے جو تمام برِ اعظموں میں خونی کھیل کھیل رہا ہے، حکومت سانحہ ہنگو اور مستونگ کی مکمل تحقیقات کیلئے ٹریبیونل تشکیل دے اور نقصانات کا ازالہ کِیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی این ایف جے کی وحدت و اخوت کمیٹی کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کِیا۔ علامہ آغا مقدسی نے باور کرایا کہ کالعدم تنظیموں کے سہولت کار پورے پروٹوکول سے گھوم پھر رہے ہیں ۔ازلی دشمن پاکستان کو لہولہان کرنا چاہتا ہےمگر دہشتگرد قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب و مسلک اور لِسانی تعصبات پر مبنی عملی انتخابی سیاست کو ممنوع قرار دیا جائے۔