میانوالی (ایجنسیاں)میانوالی میں کنڈل کے مقام پر پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوںکا حملہ ناکام ‘ایک اہلکار شہید جبکہ دو دہشت گرد مارے گئے‘ شہید کانسٹیبل ہارون خان کی نمازہ جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی‘سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت زبیر نواز اور محمد خان کے ناموں سے ہوئی ہے جن کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا۔حکام کے مطابق زبیر نواز کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے تھا جو لکی مروت کے ٹی ٹی پی امیر ارشد نواز کا بھائی تھا‘ زبیر نواز پنجاب میں فرقہ وارانہ قتل، بھتہ خوری اور سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ حکام کے مطابق دوسرے ہلاک دہشتگرد کی شناخت محمد خان کے نام سے ہوئی ہے، محمد خان کا تعلق بھی کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے تھا۔ آئی جی پنجاب کے مطابق دس سے بارہ دہشتگردوں نے کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر حملہ کیا تھا‘پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد دو دہشتگرد ہلاک جبکہ دیگر فرار ہو گئے۔