انقرہ (اے ایف پی، جنگ نیوز) ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب خودکش حملہ ناکام، دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے ، دہشت گردانہ حملے‘ میں 2پولیس اہلکار زخمی ہو گئے،کالعدم کردستان ورکرز پارٹی ( پی کے کے ) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ، پاکستان سمیت مختلف ممالک نے دہشتگرد حملے کی مذمت کی ہے ، ترک وزارت داخلہ نے بتایا کہ دو دھماکوں کے بعد آگ کے شعلے بھڑک اٹھے جبکہ دھماکوں کی آواز یں کئی کلو میٹر دور تک سنی گئیں ، ترک وزارت داخلہ کے مطابق دو حملہ آورایک کمرشل گاڑی کے ذریعے سے وزارت داخلہ کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی کے مرکزی دروازے پر پہنچے ، ان میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اڑالیا جبکہ دوسرے کو سر میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا ،دھماکا اس وقت ہوا جب ترک صدر نے چند گھنٹے بعد پارلیمنٹ کےپہلے سیشن سے خطاب کرنا تھا ، صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے شہریوں کے امن اور تحفظ کو خطرہ بننے والے ولنز اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے ، پاکستانی وزیراعظم انوارالحق کاکڑ ،انقرہ میں امریکی سفارتخانے، نیٹو کے سربراہ اسٹولٹن برگ ،فرانسیسی وزارت داخلہ ، آسٹریا ، رومانیہ ، یونان ، سوئیڈن اور یورپی یونین سمیت دنیا بھر کے ممالک اور رہنماؤں نے دہشتگرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ترکیہ کیساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے ۔