• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف نے کہہ دیا اسمگلنگ میں فوجی ملوث تو کورٹ مارشل، جیل بھیجا جائے گا، وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا ہے کہ اگرمیں یہ کہہ دوں کہ اسمگلنگ میں سکیورٹی ایجنسیاں ملوث ہی نہیں ہیں تو یہ مناسب نہیں ہےکیونکہ اسمگلنگ اونٹوں پر نہیں ٹرکوں کے ذریعے سکیورٹی ایجنسیوں کی ناک کے نیچے ہوتی ہے‘ آرمی چیف نے واضح طور پر کہا ہےاسمگلنگ میں فوج کے لوگ ملوث ہوئے تو ان کا کورٹ مارشل بھی ہو گااورانہیں جیل بھی بھیجا جائے گا‘اسمگلنگ میں سیاست دانوں اور سرکاری افسران کے نام بھی شامل ہیں، تحقیقات میں کچھ نکلا تو سامنے لائیں گے‘ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں تجارت کم اسمگلنگ زیادہ ہو رہی تھی‘ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو کراچی پورٹ سے لے کر افغانستان تک مانیٹر کیا جائے گا تا کہ اس کے غلط استعمال کو روکا جائے‘ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث شخص چاہے جتنا بھی بااثر ہو اسے قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، الیکشن کمیشن کو انتخابات میں سکیورٹی سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے‘ڈالر کی اصل قیمت کے قریب پہنچ گئے ہیں‘اگر میاں صاحب وطن واپس آکر ملکی سیاست میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو یہ ایک حوصلہ افزا بات ہے‘ میاں صاحب تو وہ لیڈر ہے جو بیٹی کا ہاتھ پکڑ کو جیل گئے تھے‘مستونگ دھماکے میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے‘ دہشتگردی کے خلاف جنگ مشکل ہے نا ممکن نہیں‘بندوق کے زور پر کسی کو اپنا ایجنڈا نافذ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ ، ذخیرہ اندوزی اور حوالہ ہنڈی کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں صوبہ بلوچستان میں 10 مشترکہ چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جو کسٹم حکام، فرنٹیئر کور اور پولیس حکام پر مشتمل ہیں جن کو خصوصی طور پر کسٹم کے اختیارات دیئے گئے ہیں، اب ان چیک پوسٹ کی تعداد10 سے 14 کی جارہی ہے، اسی طرز پر 14 مشترکہ چیک پوسٹیں صوبہ پنجاب ، 10 سندھ اور 7 خیبر پختو نخوا میں قائم کی جارہی ہیں ، اس سلسلے میں وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی نے سرحدی اضلاع کا چینی، یوریا اور گندم کا کوٹہ مقرر کر دیا ہے تا کہ اس کوٹہ سے اضافی مقدار کو مشترکہ چیک پوسٹوں کے ذریعے روکا جاسکے اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ ایجنسیوں کی رپورٹ پر تمام صوبوں میں اسمگلرز، ذخیرہ اندوزوں بشمول معاونین سرکاری و غیر سرکاری افراد کے خلاف سخت تادیبی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بروئے کار لاتے ہوئے بنیادی اشیاء خوردونوش کی نقل و حمل کو چیک کیا جا رہا ہے جس سے اسمگلنگ میں کمی آئے گی، ایف بی آر نے تمام شوگر ملز کو اس نظام سے منسلک کرنا ہے ، 53 ملوں کو اس نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے، اس سے چینی کی اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انسداد منشیات مہم کے سلسلے میں نیشنل کاؤنٹر نارکوٹکس سنٹر قائم کیا جارہا ہے ،اس سے منشیات کی روک تھام کی کوششوں کو انٹیلی جنس معلومات کی روشنی میں جلد یکجا کیا جائے گا، منشیات کے کاروبار سے منسلک سمگلرز اور ملزمان کو بغیر کسی رعایت کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔یوریا کی تقسیم کار کا انتظام بھی ٹیکنالوجی پر منتقل کردیا گیا ہے ‘ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان صوبہ میں سرکاری افسران ،ملازمین اور سیاستدانوں کے اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہونے کے بارے میں انکوائری کر رہے ہیں۔ملک بالخصوص اسلام آباد میں غیر قانونی افغان مہاجرین میں اضافہ کے باعث جرائم میں اضافہ ہوا ہے، ان کے خلاف بھرپور مہم شروع کی گئی ۔

اہم خبریں سے مزید