راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) دہشت گردی کی حالیہ لہرکے تناظرمیں راولپنڈی میں سکیورٹی انتظامات کا ازسرنوجائزہ لینے کا حکم دے دیاگیا۔ اس حوالے سے سی پی او کی طرف سے ڈویژنل ایس پیز،اسی ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوزکوجاری کئے گئے مراسلے میں کہا گیاہے کہ مستونگ کوئٹہ اورہنگومیں ہونے والے خودکش حملوں اور میانوالی پٹرولنگ پوسٹ پردہشت گردوں کے حملے کے پیش نظر ضلع بھرمیں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں ۔ایس ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوزاپنے اپنے علاقہ میں تمام سرکاری تنصیبات ،اپنے دفاتر ،تھانوں ،چوکیوں ،پٹرولنگ پوسٹس کی حفاظت کویقینی بنائیں ،دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنایاجائے۔مساجد ، امام بارگاہوں ،عبادت گاہوں اور چائنیز باشندوں یا دیگرفارنرزجو آپ کے علاقہ میں کام کررہے ہیں یا رہائش پذیرہیں کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کریں ۔ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ سے مل کر حفاظتی انتظامات بہتر بنائے جائیں ۔