کراچی (اسٹاف رپورٹر ) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کے میچوں کے پہلے دن احمد شہزاد، علی زریاب، حسین طلعت اور جنید علی نے سنچریاں بنادیں ۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لاہور وائٹس نے پشاور کے خلاف پہلے دن کا اختتام375 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔ علی زریاب 141 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ احمد شہزاد 163 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔دونوں نے دوسری وکٹ پر 285رنز جوڑے۔ شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم پنڈی میں ملتان نے کراچی وائٹس کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 220 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ میرحمزہ اور تابش خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔کراچی وائٹس نے کھیل ختم ہونے پر پانچ وکٹوں کے نقصان پر 86 رنز بنائے تھے۔ صائم ایوب40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور بلوز نے کھیل ختم ہونے پر چار وکٹ پر 359 رنز بنائے تھے ۔ حسین طلعت 100 اور جنید علی 102رنز بناکر کھیل رہے ہیں ۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں فاٹا کے خلاف فیصل آباد کی ٹیم 215 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں فاٹا نے کھیل ختم ہونے پر ایک وکٹ کے نقصان پر 9 رنز بنائے تھے۔