اسلام آباد (نمائندہ جنگ)سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت، چیئرمین پی ٹی آئی ،شاہ محمودقریشی پرفردجرم عائد نہ ہوسکی،جج خصوصی عدالت نے کہا کہ ہائیکورٹ کا کوئی حکم امتناع نہیں ہے ، سماعت نہیں روکی جا سکتی،وکلا کی استدعا مسترد ،سماعت 9اکتوبرتک ملتوی کردی گئی،آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفرکیس میں فردجرم عائد کرنے کی کارروائی ملتوی کر دی بدھ کو اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کی جانب سے ٹرائل روکنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا گیا کہ جیل ٹرائل اور ان کیمرہ سماعت کیخلاف درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیصلہ محفوظ ہے ، ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے تک چالان کی نقول ٹرائل کیلئے فراہم نہ کی جائیں ، شفاف اورمنصفانہ ٹرائل کیلئے ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے۔