کراچی(نیوز ڈیسک)انجمن اساتذہ، وفاقی اردو یونیورسٹی (عبدالحق کیمپس) نے وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر محمد ضیاء الدین کی تقرری کے خط کو واپس لینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر تعلیم نے بروقت فیصلہ کن کارروائی کرکے قومی تعلیمی ادارے پرانجمن ترقی اردو کے قبضے کی کوشش کو ناکام بنایا ہے۔ سابق قائم مقام وائس چانسلر نے مستقل وائس چانسلر کی تلاش کمیٹی کا عمل شروع نہیں کروایا۔ انہوں نے سینیٹ کی جانب سے عائد پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے مبینہ طور پر بڑی تعداد میں خلاف ضابطہ ملازمتیں دیں اور ترقیوں کے خطوط جاری کیے۔ انہوں نے جونئیر افراد کو سینیر عہدوں پر تعینات کرکےبھاری خصوصی الاونسز جاری کیے اورسینیٹ سے پیش گی اجازت حاصل کیے بغیر بھاری ادائیگیاں کیں ۔یونیورسٹی کے طالب علموں کی فیسوں میں خلاف ضابطہ بھاری اضافہ کیا انجمن اساتذہ نے صدر پاکستان اور یونیورسٹی کے چانسلر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر یونیورسٹی کی سینیٹ کا اجلاس طلب کیا جائے اوریونیورسٹی کو مستقل وائس چانسلر فراہم کیا جائے۔