اسلام آباد ( نمائندہجنگ) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملکی خزانے کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے خسارے کا شکار قومی ملکیتی اداروں کی فوری نجکاری ضروری ہے۔ اس امر میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا کردار لائق تحسین ہے۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے یہ بات گزشتہ روز نگران وفاقی وزیرِ نجکاری فواد حسن فواد سے ملاقات کے دوران کہی ۔ ملاقات میں وزیرِ نجکاری نے وزیرِ اعظم کو خسارے کا شکار قومی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے عمل پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے خسارے کا شکاراداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز تر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ دریں اثناءنگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے نگران وفاقی وزیر توانائی محمّد علی نے ملاقات کی ۔ملاقات میں وزارت توانائی اور پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر بات چیت کی گئی ۔