اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان میں جاپان کے سفیر نے ’’ریڈ جاپان پروجیکٹ‘‘ کے تحت منگل کو گندھارا یونیورسٹی پشاور کو جاپان سے متعلق 55 قیمتی کتابیں پیش کردیں۔ جاپانی سفارتخانے نے بتایا کہ دی نیپون فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر اس نے 55 قیمتی کتابوں کا ایک مجموعہ عطیہ کیا ہے جس کا مقصد کتابوں کے ذریعے جاپان اور اس کی ثقافت کو مزید سمجھنا ہے۔ پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہرو نے گندھارا یونیورسٹی کی چیئرپرسن روئیدہ کبیر کو کتابیں پیش کیں۔ انگریزی زبان میں احتیاط سے منتخب کردہ 55کتابیں جاپان سے متعلق سیاست، معیشت، سلامتی، فلسفہ، آرٹ اور ثقافت جیسے موضوعات کا احاطہ کرتی ہیں۔ سفیر نے نیپون فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ قیمتی تحفہ وصول کرنے پر طلباء اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کتابوں سے طلباء کو جاپان کے بارے میں مزید دلچسپ معلومات حاصل ہوں گی۔ جاپانی سفیر واڈا نے کہا کہ اپنی جانب سے ہم اس کوشش کو آسان بنانے کے لیے اپنا تعاون فراہم کریں گے خاص طور پر ایسے وقت میں جب ہم نے گزشتہ سال سفارتی تعلقات کے 70 سال منائے ہیں اور اگلے سال پاکستان کے لیے جاپانی او ڈی اے کی حمایت کے 70 سال منائیں گے۔ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں۔ میری خواہش ہے کہ پاکستان اور جاپان کی زیادہ سے زیادہ آنے والی نسلیں ایک دوسرے کو جانیں اور اپنے ممالک کو بہتر بنانے کے لیے تعاون کریں۔