• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ، JUI ف اور پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہا

کراچی (ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ ن، جے یو آئی ف اور تحریک انصاف نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہا ہے۔جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کا فیصلہ بہت اچھا ہے، فیصلے سے واضح ہوا کہ آئین میں ترمیم کرنے یا قانون بنانے کی طاقت پارلیمنٹ کے پاس ہے،ماضی میں ناانصافی پر مبنی فیصلوں کو اپیل کا حق دیدیا جاتا تو اچھا ہوتا۔تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر سیف اللہ ابڑوکا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے پارلیمنٹ مضبوط ہوئی ہے، سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کے فیصلوں کو حتمی تسلیم کیا ہے، امید ہے چیف جسٹس پاکستان 90روز میں الیکشن سمیت دیگر زیرالتواء کیسز بھی جلد سنیں گے۔جے یو آئی ف کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ کے اندر آمریت کو سمندر برد کردیا، سپریم کورٹ کے فیصلے سے پارلیمان کی بالادستی ثابت ہوگئی ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ فیصلے سے پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے درمیان ٹکراؤ کا خاتمہ ہوگیا ہے ،ملک کو معاشی دلد ل سے کوئی شخص یا جماعت تنہا نہیں نکال سکتے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔سابق جج جسٹس (ر) رشید اے رضوی نے کہا کہ پچھلے تین چار چیف جسٹسز کے کنڈکٹ نے حکومت کو پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ جیسی قانون سازی پر مجبور کیا، سپریم کورٹ نے ماضی کی اپیلیں نہ سننے کا فیصلہ کر کے اس پراپیگنڈہ کا خاتمہ کردیا کہ اس ایکٹ کے تحت ماضی میں جن سیاستدانوں کیخلاف فیصلے ہوئے ان کیلئے راستے کھولے گئے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید