• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف وزیراعظم تو ملک چلے گا، مریم نواز

سانگھڑ، لاہور(نامہ نگار… نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام جان چکے ہیں نوازشریف وزیراعظم ہوگا تو ملک چلے گا، ان کا گھر چلے گا، پاکستان کو امیر بنانا، عوام کی مہنگائی سے جان چھڑانانوازشریف کا ایجنڈا ہے، سیاسی استحکام کیلئے عوام نواز شریف کا ساتھ دیں، نوازشریف ہی پاکستان کی معاشی شہ رگ کو محفوظ بناسکتا ہے، سندھ کی محرومی دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، موقع ملا تو پنجاب کی طرح سندھ کو بھی ترقی کا تحفہ دینگے، سندھ سمیت پاکستان بھر کے عوام نوازشریف کو ووٹ دیں، امن ترقی اور خوش حالی دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں یونین کونسلوں کے چیئرمینوں، کارکنوں اور سانگھڑ میں جنرل ورکرز کنونشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 134 کے کونسلروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام کی خدمت میں صرف نوازشریف اہل قرار پائے ہیں، مہنگائی سے نجات دلانے میں نوازشریف کے سوا سب نااہل ثابت ہوئے،سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی ترقی ہوگی، نواز شریف مہنگائی سے نجات، پاکستان کی معاشی بحالی کا حل ساتھ لارہا ہے، دریں اثناء سانگھڑ میں منعقدہ ورکرز کے اجتماع سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ معیشت تباہ کرنے والے چلے گئے، معیشت کو ترقی دینے والا نوازشریف واپس آرہا ہے، نوازشریف ہی پاکستان کی معاشی شہ رگ کو محفوظ بناسکتا ہے، پنجاب کی طرح سندھ کو بھی ترقی کا تحفہ دیں گے۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ، سندھ کے لئے کوآرڈی نیٹر بشیر میمن، جام کرم علی ، ملک امتیاز، محمد علی راجپوت ، مقبول جٹ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ معیشت تباہ کرنے والے چلے گئے، معیشت کو ترقی دینے والا نوازشریف واپس آرہا ہے، مہنگائی لانے والے چلے گئے، مہنگائی سے نجات دینے والا نوازشریف واپس آرہا ہے، دہشت گردی واپس لانے والے چلے گئے، دہشت گردی ختم کرنے والا واپس آرہا ہے، لوڈشیڈنگ اور بجلی مہنگی دینے والے چلے گئے، لوڈشیڈنگ ختم اور بجلی سستی کرنے والا نوازشریف واپس آرہا ہے، پانچ سال آٹا35، چینی 52 اور 65 روپے پٹرول فی لیٹر دینے والا نوازشریف واپس آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف ہی پاکستان کی معاشی شہہ رگ کو محفوظ بناسکتا ہے، نوازشریف نے کراچی اور سندھ سمیت پورے پاکستان کو امن دیا تھا، سندھ سمیت پورے پاکستان کی ترقی کی ضمانت نوازشریف ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ سندھ سمیت پاکستان بھر کے عوام نوازشریف کو ووٹ دیں، امن ترقی اور خوش حالی دیں گے، سندھ کے عوام جمہوریت پسند ہیں، پنجاب کی طرح سندھ کو بھی ترقی کا تحفہ دینگے۔

kk

اہم خبریں سے مزید