اسلام آباد (جنگ رپورٹر) سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتہ کے دوران عوامی دلچسپی کے تین مقدمات سماعت کے لئے مقرر کر دیئے گئے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ سوموار 16اکتوبر کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیخلاف دائر درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں ایک ہزار نو درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ ادھر اسد قیصر کی ضمانت منسوخی کے لئے دائر حکومتی اپیل بھی سماعت مقرر کر دی گئی ہے۔ جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں قائم 2 رکنی بینچ 19 اکتوبر کو صوبائی حکومت کی اپیل پر سماعت کرے گا۔ علاوہ ازیں بحریہ ٹائون پراجیکٹس کیس بھی سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ 18 اکتوبر کو کیس کی سماعت کر ے گا۔ رجسٹرار آفس نے بحریہ ٹائون سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔