کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے شکست کا پوسٹ مارٹم کیا ہے۔ پیسرز اور بیٹرز کے خلاف چارج شیٹ جاری کردی گئی ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، 280 کا ہدف دینا چاہیے تھا لیکن مڈل اوورز میں وکٹیں جلد گرتی چلی گئیں۔ آغاز اچھا کیا تھا اچھی شرکت بنی، مڈل آرڈر کے اچانک ناکام ہونے سے سنبھل نہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نئی گیند سے اچھی بولنگ نہیں کررہے ہمیں جلدی وکٹیں لینا ہوں گی۔ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کہتے ہیں کہ بیٹرز سے زیادہ دلیری کی امید ہے،جبکہ ہیڈکو چ گرانٹ بریڈبرن کے مطابق پیسرز کی کارکردگی میں تسلسل نہیں۔ اتوار کو میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کپتان بابر اعظم نے کہا کہ روہت شرما نے بہت شاندار بیٹنگ جبکہ بمرا اور کلدیپ یادیو نے بھی اچھی بولنگ کی۔ میچ کے بعد ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ہم نے اچھا نہیں کھیلا، 155 سے 191 پر آؤٹ ہوجانا مناسب نہیں، یہ ایک بڑا میچ تھا، 2017 کی چیمپئنز ٹرافی میں ہم نے بھارت کو ہرایا تھا۔ ہم اس وکٹ پر اچھا کرسکتے تھے۔ بھارت نے اچھی بولنگ کی، ہم جوابی پریشر ڈال سکتے تھے لیکن "پاکستان وے" کے مطابق نہیں کھیل سکے،شاداب اور نواز کو اعتماد دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ پلیئرز ہر میچ میں اچھا کھیلنے کی کوشش کررہے ہیں، آج آف کلر تھے، ہر میچ جیتنے کیلئے میدان میں اترتے ہیں، ماضی کے ریکارڈز صرف میڈیا پر چلتے ہیں، یہ تین میں سے دو میچ جیتے ہیں، کوئی پینک نہیں کریں گے، تحمل کے ساتھ اگلے میچ پر فوکس کریں گے۔ مکی آرتھر کا کہنا تھاکہ بھارت نے بتایا ان وکٹوں پر کیسے بولنگ کرنا ہے، ہم 350 رنز کا سوچ کر میدان میں آئے تھے، بیٹرز سے زیادہ دلیری کی امید ہے، ہم اس میچ کا تجزیہ کریں گے کہ کیا غلطی ہوئی۔دوسری جانب پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ گرانٹ بریڈ برن کا کہنا ہے کہ میرا خیال ہے کہ ہم نے بطور ٹیم بھی بڑے میچ کے ساتھ انصاف نہیں کیا، ہم ایک موقع پر اچھا کھیل رہے تھے، البتہ مزید جارح ہونے کی ضرورت تھی، ہر میچ میں سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، کنڈیشنز کافی مختلف تھیں، ہم یہاں ہارنے نہیں آئے، شکست پر ٹیم دلبرداشتہ ہیں ، دو فتوحات سے سیکھا، آج کی شکست سے بھی سیکھیں گے۔ ہم نے اب بھی تین میں سے دو میچز جیتے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں میں صلاحیت ہیں، آج صلاحیت کے مطابق نہیں کھیل سکے، نسیم شاہ کی کمی شدت سے محسوس کررہے ہیں، ورلڈ کپ کا ہر میچ اہم، ہر حریف سخت ہے، ہمارے فاسٹ بولر اچھے ہیں مگر کارکردگی میں تسلسل نہیں ہوپارہا، بھارت بالکل ویسا ہی کھیلا جیسا ہم پلان کرکے آئے تھے، ہم مختلف کامبی نیشن آزما سکتے ہیں، اسامہ کو بخار تھا، ہمیں اسکواڈ میں شامل ہر پندرہ پلیئر پر مکمل اعتماد ہے۔