اسلام آباد( نمائندہ جنگ)نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر 17اور 18اکتوبر کو منعقد ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کیلئے بیجنگ، چین کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری ٹویٹ کے مطابق وزیرِ اعظم بی آر ایف کی ابتدائی تقریب میں شرکت کریں گے اور18 اکتوبر کو ’’کنیکٹیویٹی ایک اوپن عالمی معیشت ہے‘‘کے موضوع پر اعلی سطح کے فورم سے خطاب کرینگے۔دورے کے دوران وزیرِ اعظم چین میں چینی صدر شی جن-پنگ سے دوطرفہ ملاقات کے ساتھ ساتھ اعلی چینی قیادت، سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور فورم میں شریک دیگر ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں بھی کرینگے۔وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر عبوری حکومت نے پاکستان کی موصلاتی نظام کو بین الااقوامی معیار میں ڈھالنے کےلئے چین کے ساتھ اہم معاہدوں پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔