کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کرلی گئیں۔ جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 7مختلف مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرلی گئیں۔ لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ آج چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستوں پر سماعت کریگا۔ درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے بیرسٹر سلمان صفدر ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانتوں کو چیلنج کیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔