کراچی (اسٹاف رپورٹر) جنگ اور جیو کے اشتراک سے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی دو روزہ ”پاکستان لٹریچر فیسٹیول 2023“ (سکھر چیپٹر) 28اور 29 اکتوبر کوآئی بی اے سکھر میں منعقد کرےگا،اس بات کا اعلان صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے منگل کو آرٹس کونسل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیااس موقع پر ان کے ہمراہ معروف صحافی غازی صلاح الدین، معروف ادیبہ نور الہدیٰ شاہ اور فوک اینڈ ہیرٹیج کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر ایوب شیخ بھی موجود تھے۔ محمد احمد شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا تھیٹر فیسٹیول کور کیا جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں مثبت چہرہ سامنے آیا جوکہ قابل ستائش ہے، ہم آج تک میڈیا کی مبارکبادیں وصول کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ادارے اپنا کام کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے، ان اداروں پر اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں لیکن کام کوئی نہیں ہو رہا ہے ،پاکستان کے تمام ثقافتی اداروں کو مل کر کام کرنا چاہیے، مجھے اچھا نہیں لگتا کہ آرٹس کونسل کراچی کام کرے اور دوسرے نہ کریں، ہمیں حیدرآباد، ملتان، اسکردو، گوادر سمیت دیگر شہروں سے درخواستیں موصول ہورہی ہیں کہ آپ ہمارے شہر کب آئیں گے، انہوں نے کہاکہ آرٹس کونسل کراچی سندھ کا دارلخلافہ ہے، آرٹس کونسل لاہور اور کشمیر میں پاکستان لٹریچر فیسٹیول منعقد کیا اب سکھر میں 28اور 29اکتوبر کو پاکستان لٹریچر فیسٹیول کرنے جارہے ہیں، ہم نے سکھر کا دورہ کیا تو ہمیں پی ایل ایف کے لیے آئی بی اے سب سے بہتر لگا، انہوں نے کہاکہ پی ایل ایف کے لیے ہم سے زیادہ اب سکھر متحرک ہو گیا ہے ، اس فیسٹیول میں وفاقی و صوبائی وزراءاور سمیت پاکستان بھر سے علمی و ادبی شخصیات شرکت کریں گی۔