اسلام آباد (جنگ نیوز) ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرابلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کو غزہ کی صورتحال پر شدید تحفظات ہیں، پاکستان غزہ کے متاثرین کیلئے امدادی سامان بھجوا ر ہا ہے،فلسطین میں پاکستانی فوج بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ، پاکستان نے او آئی سی اجلاس میں غزہ پر ٹھوس مؤقف اختیار کیا، ڈیڈ لائن کے بعد حکومت فیصلہ کریگی غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں سے کیسے ڈیل کرنا ہے۔ہفتہ واربریفنگ میں انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں اور فوری سیز فائر کا مطالبہ کرتے ہیں ، وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کیساتھ غزہ کا معاملہ اٹھایا اور غزہ میں قتل و غارت رکوانے پر زور دیاپاکستان کی جانب سے چارٹرڈ طیارہ ضروری طبی سامان لے کر آج اسلام آباد سے مصر کیلئے روانہ ہوگا جہاں سے غزہ پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی کارروائی پر پاکستان نے سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے، سلامتی کونسل اسرائیلی بمباری کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے۔