کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میزبان علینہ فاروق کے سوال ضمانت میں توسیع کی صورت میں نواز شریف سیاسی مہم چلا کر کوئی مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ ن لیگ نواز شریف کی واپسی کو ٹرمپ کارڈ سمجھتی ہے، موجودہ چیلنجنگ صورتحال سے نمٹنا شہباز شریف، بلاول بھٹو یا مولانا فضل الرحمٰن کے بس کی بات نہیں ہے،مصطفیٰ نواز کھوکھر نے درست کہا کہ بھونڈے طریقے سے نواز شریف کو یہاں سے نکالا گیا۔
بینظیر شاہ نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی ن لیگ کیلئے بہت بڑا رسک ہے، آئندہ الیکشن میں مقابلہ ان سیاسی جماعتوں میں مقابلہ ہوگا جو دوسرے نمبر پر ہیں، ایک رنر اپ حکومت بنائے گا دوسرا رنر اپ اپوزیشن میں بیٹھے گا، شہباز شریف اسٹیبلشمنٹ کو قبول ہیں.
اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے نواز شریف کو چوتھی بار وزیراعظم بننے کی گارنٹی نہیں دی گئی ہے، ن لیگ نے سولہ مہینے کی حکومت میں اسٹیبلشمنٹ کو خوش کرنے کیلئے پوری جان لڑادی تھی۔