کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری جی ڈی اے کے اطلاعات سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے سندھ پبلک سروس کمیشن کو زرداری لیگ کی ذیلی ونگ قرار دیا ہے- میونسپل آفیسرز کے نتائج کو تاریخی غلطی کہتے ہوئے سندھ پیپلز پبلک سروس کمیشن کے خود ساختہ رزلٹ کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری مذمتی بیان میں کیا سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن جیسے ادارے کو کرپشن کی نظر کردیا گیا ہے ، میونسپل آفیسرز کے حالیہ نتائج کمیشن کے منہ پر شرم ناک تماچہ ہے- حالیہ نتائج میں سندھ کے بااثر سیاستدانوں کے بچوں کو کامیاب قرار دیکر کمیشن کو سیاسی بنادیا گیا ہے اور ذہین اور محنتی غریب نوجوانوں کو بید خل کر دیا گیا ہے ، موجودہ نتائج آئندہ الیکشن پر اثر انداز ہونگے جسے ہم کسی صورت میں قبول نہیں کریں گے ، انہوں نے کہا کہ ہمیں سندھ پبلک سروس کمیشن میں حصہ لینے والے نوجوانوں نے بتایا ہے کہ دو کروڑ روپے کی بولی لگا کر رزلٹ نکالے گئے ہیں ، سردار عبدالرحیم نے کہا کہ ہم نگران وزیراعلی سندھ ، چیف الیکشن کمیشنر اور سندھ ہائیکورٹ کے معزز چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے میونسپل آفیسرز کے نتائج منسوخ کیے جائیں اور کمیشن کی نئے سرے سے ایماندار لوگوں پر مشتمل کمیشن بنائی جائے تاکہ غریب محنتی اور ہوشیار بچوں کا مستقبل بچ سکے ۔