کراچی( اسٹاف رپورٹر)سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی واپسی سے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا، پچھلے پانچ سال کے دوران ملک میں سیاست میں جس کلچر کو لایا گیا اس نے ملک میں سیاسی اور معاشی طور ابتری کا بازار گرم کردیا،نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کیا،ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کئے،ان کی حکومت کو جس طرح ہٹا کر لاڈلے کو لایا گیااس سے ملک کو تباہ کیا گیا، اب وقت آگیا ہے کہ غیر جانب دار اور شفاف انتخابات کرا کر ملک میں نئی منتخب جمہوری حکومت لائی جائے تاکہ وہ نواز شریف کی سر براہی میں ملک کو بحران سے نکال سکے،انہوں نے کہا اس وقت ضرورت اس بات کی ہے ملک میں اداروں کا احترام کیا جائے، عدلیہ اور افواج پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے پار لیمنٹ کو مضبوط کرکے عوام تک حقیقی جمہوریت کے اثرات سے فائدہ پہنچایا جاسکے،مہنگائی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کو ختم کیا جائے۔