• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم 28 مئی والے ہیں، 9 مئی والے نہیں، نواز شریف

دبئی(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم28مئی والے ہیں، 9مئی والے نہیں،پاکستان کا الیکشن کمیشن ایک فیئر الیکشن کمیشن ہے، پہلے بھی کہا ہے سب اللہ پر چھوڑا ہے اب بھی اللہ پر چھوڑتا ہوں،ہم انصاف چاہتے ہیں۔دبئی ائیرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ 4سال کے بعد پاکستان جارہا ہوں، بہت ہی اچھا ہوتا کہ آج 2017 کے مقابلے میں حالات بہتر ہوتے مگر دکھ کی بات ہے کہ ملک آگے جانے کے بجائے پیچھے چلا گیا، پاکستان میں اضطراب والے حالات ہیں جو پریشان کن ہیں اور حالات ہم نے بگاڑے بھی خود ہی ہیں اب ٹھیک بھی خود ہی کرنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو ملک آئی ایم ایف کو بھی خدا حافظ کہہ چکا تھا اب مسائل کا شکار ہے، آج ملک پیچھے چلا گیا ہے ملک میں روٹی سستی تھی اور غریب کا بچہ بھی اسکول جاتا تھا، علاج کی مفت سہولیات میسر تھیں بتائیں وہ پاکستان آج نظر آتا ہے۔ الیکشن سے متعلق سابق وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرسکتا ہے اور وہی مجاز ادارہ ہے، الیکشن کمیشن جب کوئی تاریخ دیگا تب ہونگے، میری ترجیح وہی ہے جو الیکشن کمیشن تاریخ دیگا، آج ایک شفاف الیکشن کمیشن ہے وہ اس معاملے میں بہتر فیصلہ کرسکتا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ میں وہ شخص ہوں جس نے جیلیں دیکھی ہیں، میری بیٹی نہ وزیر نہ مشیر تھی پھر بھی پکڑ لیا مگر بالآخر اسے کلین چٹ ملی جو ملنی ہی چاہیے تھی، شہباز شریف اور رانا ثنااللہ کو بھی پکڑا گیا۔
اہم خبریں سے مزید