اکراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہےکہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لئے استحکام پاکستان کمیشن بنایا جائے ۔ نواز شریف کو ذاتی حیثیت میں اور بطور گورنرسندھ وطن واپسی پر خوش آمدید کہتا ہوں، انہیں وطن واپس آنے اور مقدمات پر نظر ثانی کی درخواست کا پورا حق حاصل ہے اگر وہ ایسا کررہے ہیں تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایکسپو سینٹر کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، گورنرسندھ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور اسٹیک ہولڈرز اختلافات بھلا کر متحد ہوجائیں ۔ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لئے استحکام پاکستان کمیشن بنایا جائے ۔گورنرسندھ نے کہا کہ آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمن ، خالد مقبول صدیقی ، سراج الحق ، اسفند یار ولی اور اختر مینگل سے کہتا ہوں کہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لئے ایک پلیٹ فارم پر آجائیں کیونکہ اگر ہم ایک نہ ہوئے تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے اتوار شام 6 بجے گورنرہاؤس آئیں ، تمام سول سوسائٹی کو بھی اس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔