• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمشنر کی راولپنڈی سبزی منڈی 23 اکتوبر تک فعال کرنے کی ہدایت

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے راولپنڈی میں سبزی و فروٹ منڈی کے قیام کے لئے مختص کی گئی جگہ کا دورہ کیا، سبزی و فروٹ منڈی یونین کونسل راوت مین جی ٹی روڈ نزد چک بیلی موڑ کے مقام پر عارضی طور پر قائم کی جاری ہے۔ کمشنر نے کہاکہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ مکمل ہونے کے بعد مستقل سبزی و فروٹ منڈی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ 23 اکتوبر تک سبزی منڈی کو مکمل طور فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی بہت بڑا شہر ہے اس سبزی و فروٹ منڈی کی اشد ضرورت تھی۔سبزی منڈی کے قیام سے راولپنڈی کے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا ۔لوگوں کو اسلام آباد سبزی و فروٹ منڈی جانے کے لئے بہت لمبا سفر کرنا پرتا تھا اب راولپنڈی میں سبزی و فروٹ منڈی کے قیام کے بعد لوگوں کو معیاری اور مناسب قیمتوں میں سبزی اور فروٹ میسر آئے گا۔ بعدازاں انہوں نے وہیکل انسپیکشن اینڈ سرٹیفیکیشن سسٹم روات کا بھی دورہ کیا ۔ انہوں نے اپنے زیر استعمال سرکاری گاڑی کی وکس سنٹر روات سے انسپیکشن کروا کر فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کیا اور تمام عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے راشد محمود، چیرمین آر ڈبلیو ایم سی رفیق احمد اور ٹرانسپوڑٹ یونین کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ کمشنر نے گاڑیوں کی فٹنس سر ٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لئے آئے ہوئے ٹرانسپورٹرز سے حکومت پنجاب کی جانب سے دی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے ارشد محمود نے بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وہیکل انسپیکشن سینڑ میں وہیل الائمنٹ ʼ سسپینشنʼ بریک انسپیکشنʼ ٹائر ٹیسٹʼ ظاہری حالت کا ٹیسٹʼ ہیڈ لائٹʼ سیٹ بیلٹ چیکʼ انجن کی آواز کا ٹیسٹ اور دھواں کے ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔ہر 6ماہ بعد فٹنس ٹیسٹ لازمی ہو گا۔روزانہ تقریبا 60 گاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ کمشنر نے کہاکہ سموگ کی روک تھام کیلئے گاڑیوں کی فٹنس کی جانچ پڑتال لازمی ہے۔دھواں چھوڑنے والی تمام گاڑیوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد راولپنڈی شہر کو سموگ فری بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گاڑیوں کے مالکان کو چاہیے کہ وہ روڈ پر آنے سے قبل وکس سے اپنا فٹنس سرٹیفکیٹ ضرور لیں ۔فٹنس سرٹیفیکیشن کے اجراء سے آلودگی میں کمی آئے گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کی فٹنس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کی بڑی شاہراؤں اور اڈوں پر انسداد سموگ اقدامات کے حوالے سے بینر آویزاں کئے جائیں تاکہ لوگوں کو آگاہی حاصل ہو۔
اسلام آباد سے مزید